اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو 25برس پرانے کیسز میں باقاعدہ ریلیف دیتے ہوئے ان کے خلاف نیب کی اپیلیں خارج کر دیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آصف زرداری کی 25 سال پرانے کیسز میں بریت کے خلاف نیب اپیلوں پر سماعت کی۔نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ عدالت میں پیش ہوئی جنہوں نے عدالت سے باضابطہ طور پر اپیلیں واپس لینے کی استدعا کردی۔چیف جسٹس نے کہا کہ میرٹ کے مطابق تو آپ کے پاس کیس تھا ہی کچھ نہیں، ہم نے اپیلیں واپس لینے کی درخواست کی ہے،
کیا نیب نے کوئی انکوئری کی کہ کیس کا ریکارڈ کہاں گیا تھا؟ آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج ہی ہونی تھیں۔جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا ہے کہ کیا آپ کو کچھ پتا نہیں ریکارڈ گیا کہاں تھا؟ اسی پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نہیں انہیں پتا تو ہے، گزشتہ سماعت پر آپ نے کہا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ سے واپسی پر ریکارڈ کہیں گیا تھا، ہم آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج کر رہے ہیں۔بعدازاں عدالت نے نیب کی اپیلیں واپس لینے کی استدعا منظور کرنے کے باوجود آصف زراری کے خلاف میرٹ پر اپیلیں خارج کردیں۔