مریم اورنگزیب سے سعودی سفیر کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات،ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایم او یوز کو حتمی شکل دینے کیلئے ورکنگ کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

  وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم نامزد ہونے پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی۔  ملاقات میں فیصلہ  کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں ایم او یوز کو حتمی شکل دینے کیلئے ورکنگ کی جائے گی،میڈیا اور فلم کے شعبوں میں جاری تعاون کو مزید تیز کرنے پر غور ہوا۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے پناہ عزت و احترام ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے امدادی سرگرمیوں میں سعودی عرب کے سفیر کے اہم کردار کو بھی سراہا جنہوں نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

ملاقات کے دوران  فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لئے دونوں اطراف پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ ہوا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سعودی حکومت پاکستان میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی۔