صدر مملکت سے رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد  نے منگل کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ  پاکستان کو متعدی اور غیر متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے بیماریوں سے بچائو اور بیماری کی جلد تشخیص کیلئے ایک جامع صحت کے نظام کی ضرورت ہے،  صحت کے جامع نظام سے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، ملکی صحت کے نظام پر پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے صحت کے نظام کے معیار میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے رائل کالج آف فزیشنز (RCP) برطانیہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور  دیتے ہوئے کہاکہ  تعاون سے پاکستان کے لوگوں کو جدید ترین صحت کی خدمات فراہم کرنے اور عالمی ادارہ صحت کے 2030  کے اہداف پورا کرنے میں مدد ملے گی۔صدر مملکت  نے  پاکستان کے صحت کے شعبے میں ادارہ جاتی صلاحیت اور استعداد پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی استعداد میں اضافے سے اعلی تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کو برقرار رکھنے،

  شعبہ صحت میں افرادی قوت کی شدید کمی پورا کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو پاکستان واپس راغب کرنے میں مدد ملے گی۔  ایک اندازے کے  مطابق 24 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا ہے، تنائو کی شکار آبادی میں منشیات کے استعمال، تشدد اور انتہائی رویے اپنانے کے رحجان میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومت  تربیت یافتہ اور مستند ماہر نفسیات اور معاون عملہ کی تعداد کو بڑھانے کے لیے فوری، بامعنی اور عملی اقدامات اٹھائے۔  صدر مملکت  نے رائل کالج آف فزیشنز کے فیوچر ہسپتال پاکستان پروگرام کو سراہا۔