میری لینڈ(صباح نیوز) امریکی حکمران جماعت ڈیموکریٹ کے سینیٹر کرس وین ہالن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں حکومت کی تبدیلی میں ملوث نہیں۔
امریکی ریاست میری لینڈ میں تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کرس وین ہالن نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کا یہ کہنا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے سراسر الزام ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ میری نظر میں پاکستانی عوام کو یہ فیصلے انتخابات کے ذریعے کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کے عوام جس کو بھی منتخب کریں امریکہ کو اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
کرس وین ہالن نے مزید کہا کہ میں نے سابق پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ بہت سے معاملات پر کام کیا جس میں پاکستان اور امریکہ کے مضبوط تعلقات بھی شامل ہیں لیکن میں یہ کہوں گا کہ ان کا یہ دعوی درست نہیں ہے کہ ان کی برطرفی میں امریکا ملوث ہے۔