مستونگ میں میت دفنا کر آنے والے 3 افراد دھماکے میں جاں بحق


مستونگ(صباح نیوز): بلوچستان کے علاقے مستونگ دشت کابو میں میت کی تدفین کے بعد واپس آنے والوں کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

لیویز کے مطابق دھماکے میں دو گاڑیوں کو ریموٹ کنٹرول سے نشانہ بنایا گیا، دھماکا اس وقت ہوا جب قبائلی افراد میت کو دفنا نے کے بعد واپس آرہے تھے،دھماکے کے بعد لیویز، پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار جائے وقوعہ پہنچنے اور لاشوں و زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا،دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری طرف مشیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔مشیر داخلہ نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کوبزدلانہ کارروائیوں سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو سکتا، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کی ہر سازش کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے ۔