شام سے تجارتی اور تعلیمی میدان میں باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کئے جائیں، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  نے کہا ہے کہ شام سے تجارتی اور تعلیمی میدان میں باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کئے جائیں، شام میں پاکستان کے نامزد سفیر ائیرمارشل ریٹائرڈ شاہد اختر سے ملاقات کے دوران گفتگو میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  ملک شام اور پاکستان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،

بلاول نے ہدایت کی کہ  ملک شام کی تعمیر نو میں پاکستان کے کردار کے تسلسل کو جاری رکھنے میں اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید ہدایت کی کہ شام جانے والے پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لئے موثر کردار ادا کیا جائے،دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سوئٹزرلینڈ کے نئے سفیر گیورگ سٹائنر نے  ملاقات کی،

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزلینڈ کی جانب سے گیورگ سٹائنر کی بطور سفیر پاکستان میں تعیناتی پر انہیں خوش آمدید کہا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزلینڈ کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امداد پر شکریہ بھی ادا کیا،بلاول نے امید ظاہر کی کہ  پاک سوئس تجارتی، ثقافتی و سیاحتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں نئے سفیر اپنا اہم کردار ادا کریں گے