ایڈیشنل رجسٹرار سردارظفراقبال کو عہدے سے ہٹائے جانے کی خبر من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے، ترجمان


مظفرآباد(صباح نیوز) یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے ترجمان نے گزشتہ روز جامعہ کے ایڈیشنل رجسٹرارسردارظفراقبال کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کی من گھڑت خبر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایسی کسی بھی خبر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق ترجمان نے خبر کوجھوٹ اور بددیانتی پر مبنی موادقراردیتے ہوئے اسے آفیسر موصوف کی کردارکشی اور جامعہ کی ساکھ کو متاثر کرنے کی مذموم سازش قراردیا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل رجسٹرار سردارظفراقبال عرصہ 17سال سے جامعہ کشمیر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان کا مثبت کردار اور پیشہ وارانہ طرزعمل کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ترجمان جامعہ کشمیر نے مزید کہا کہ سردارظفراقبال جیسے افراد کسی بھی ادارے کا اثاثہ ہوتے ہیں اورجامعہ کشمیر آفیسر موصوف کی خدمات کی معترف ہے۔

ترجمان نے چند ایک اخبارات میں بغیرتصدیق اورادارے کا موقف لیے ایسی جھوٹی خبر کی اشاعت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بنیادی صحافتی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے خلاف قراردیا۔ترجمان جامعہ کشمیر کے نے اس امر کو خوش آئیند قراردیا کہ زیادہ تر ذرائع ابلاغ نے یہ من گھڑت خبر موصول ہونے پر ادارہ کے ذمہ داران سے رابطہ کیا اور حقائق معلوم کیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے منصوبہ بندی کے تحت جامعہ کشمیر کو بطور ادارہ اور اس سے منسلک افراد کی کردارکشی کے لیے جھوٹ پر مبنی خبروں کا سہارا لیا جارہا ہے اور اس کے لیے فیک ای میل آئی ڈیز استعمال ہورہی ہیں۔

ترجمان نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ کشمیر سے متعلقہ مواد کی اشاعت سے قبل ادارے کے ترجمان سے اس کی تصدیق یا تردید ضرور حاصل کریں۔انہو ں نے کہا کہ جامعہ کشمیر بطور ادارہ من گھڑت خبر کے اشاعتی اداروں اور پس پردہ سازشی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اور اور اس سلسلہ میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جو جامعہ کے اندر اور باہر ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے اپنی سفارشات  وائس چانسلر کو پیش کرے گی ۔۔