اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کواسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔وفاقی کابینہ نے سوات میں اسکول بس پر فائرنگ کے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے گذشتہ روز اپنے ہونے والے دورہ تھر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تھرکول پراجیکٹ کے ذریعے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ ماضی میں اس منصوبے کے حوالے سے غیر ضروری تاخیر کی گئی جو کہ کسی قومی المیے سے کم نہیں لیکن اب یہ منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس پراجیکٹ کی بدولت 24 بلین ڈالرز کے توانائی امپورٹ بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے کام کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ اگلے ہفتے اس پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ ہاوسنگ اینڈ ورکس کی سفارش پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری کے لیے نابھہ روڈ لاہور پر واقع 23 کنال اراضی سپریم کورٹ آف پاکستان کو الاٹ کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ان ممالک کو بزنس ویزالِسٹ میں شامل کرلیا تاکہ ان ممالک سے کاروباری تعلقات کو فروغ دیا جاسکے جن میں i۔ بھوٹان ،ii۔ مالدیپ iii۔ نیپال iv۔ روانڈا v۔ بیلا رس اورvi۔ سلواکیہ شامل ہیں،وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر فیملی ویزٹ ویزا ایکسٹینشن کی معیاد ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے وزارتِ خارجہ سے تصدیق شدہ Travel/Asylum /Temporary documentsپر 30 دن کا Non-extendable فیملی ویزٹ کیٹگری سنگل اینٹری ویزا جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی۔وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (POVS) میں دو نقاط اضافہ کرنے کی منظوری دے دی،
وزیراعظم نے وزارت ِ توانائی (Power Division) کی جانب سے پیش کیے گئےEnergy Efficiency & Conservation Measures Implementation Roadmap کے حوالے سے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت جاری کردی کمیٹی کے ممبران میں وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اس مجوزہ پلان کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے Long Term, Medium Term and Short Term حکمتِ عملی ترتیب دے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس توانائی کی بچت کے حوالے سے عوامی آگہی انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں مناسب آگہی مہم کا آغاز کیا جائے.وزیراعظم نے وزارتِ توانائی (Power Division) کو ہدایت جاری کی کہ بجلی چوری، لائن لاسز اور ان کے تدارک کے حوالے اگلے ہفتے ایک تفصیلی بریفنگ دی جائے. وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ECC )کے 30-09-2022 اور 10-10-2022 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی.