عدالت کارانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست پر اعتراض


راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کی مقامی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی اور حکم دیاکہ ملزم رانا ثناء اللہ کا وکالت نامہ پیش کیا جائے ۔

مسلم لیگ( ن) لائرز ونگ کی لیگل ٹیم نے سینئر سول جج کی عدالت میں رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ فوجداری سیکشن 76 کے تحت عدالت تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن ٹیم نے غلط بیانی سے حاصل کیے۔رانا ثناء اللہ وفاقی وزیر داخلہ اور اسلام آباد میں ہیں، کہیں روپوش نہیں، لہذا وارنٹ گرفتاری آرڈر واپس لے کر تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم دیا جائے۔

سینئر سول جج نے مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم رانا ثناء اللہ کا وکالت نامہ پیش کیا جائے۔ بعد ازاں لیگل ٹیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا وکالت نامہ حاصل کیا جائے گا۔