عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی اڈیالہ کے نواحی گاؤں میں ہنگامی لینڈنگ،مقامی لوگوں سے گفتگو


راولپنڈی (صباح نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی ڈیرہ اسمعیل خان سے واپسی جاتے ہوئے اڈیالہ کے نواحی گاؤں کے قریب ہنگامی لینڈنگ ہوئی گاؤں کے بچے او ر نوجوان پی ٹی آئی کے حامی نکلے ،کپتان نے ایک نوجوان کو بلے پر آٹو گراف دیا، فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ،حارث رؤف ،شاہنوازدھانی رضوان کے بارے میں پوچھا لیا ایک نوجوان نے کہہ دیا کہ رضوان بالیں بہت ضائع کرتا ہے، 45 گیندوں پر 50 رنز بناتا ہے۔

فنی خرابی کی وجہ سے سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو اڈیالہ گاؤں کے قریب اتارا گیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسمعیل خان سے واپسی پر ہیلی کاپٹر کی اڈیالہ کے نواحی گاؤں کے قریب لینڈنگ ہوئی، عمران خان مقامی افراد میں گھل مل گئے، اور مقامی افراد سے دلچسپ گفتگو کی۔ عمران خان کو ویڈیو میں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ بچوں کو تنگ نہ کرو، انہیں آنے دو۔

انہوں نے بچوں سے سوال پوچھا کہ پہلے یہ بتا کہ اسکول میں پڑھتے ہو؟ کدھر ہے اسکول، بچوں نے جواب دیا کہ جی اسکول میں پڑھتے ہیں۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے بچوں سے پوچھا کہ کرکٹر بننے کا کس کو شوق ہے، ایک نوجوان نے بتایا کہ میں کرکٹ کھیلا ہوں، پہلے کلب کرکٹ کھیلتا تھا، جس پر عمران خان نے کہا کہ ایک ٹائم آ جاتا ہے کہ آدمی کو پیسہ کمانا پڑتا ہے۔

انہوں نے سوال پوچھا کہ تم لوگ کسی پارٹی کے ساتھ ہو؟ جس پر بچوں کا کہنا تھا کہ ہم سب لوگ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ جس پرعمران خان کا کہنا تھا کہ ماشا اللہ، ویسے بچے کو سارے ہمارے ساتھ ہیں، اب جو بڑے ہو گئے ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ آ گئے ہیں۔ایک نوجوان نے عمران خان کو بتایا کہ یہ این اے-63 کا حلقہ ہے، یہاں سے قومی اسمبلی کے رکن سرور خان ہیں۔

ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان نے ایک نوجوان کو بلے پر آٹو گراف بھی دیا۔ عمران خان نے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے پوچھا تو ایک نوجوان نے کہا کہ شاہین آفریدی تو ہم سب کا پسندیدہ کرکٹر ہے، عمران خان نے کہا کہ حارث رؤف کی بڑی زبردست بالنگ ہے، جس پر لوگوں نے کہا کہ جی وہ اچھا ہے۔

سابق وزیراعظم نے پوچھا اور کونسا اچھا کرکٹر ہے، اس پر ایک نوجوان نے شاہنوازدھانی کا نام لیا، عمران خان نے رضوان کے بارے میں پوچھا تو نوجوان نے کہا کہ رضوان بالیں بہت ضائع کرتا ہے، 45 گیندوں پر 50 رنز بناتا ہے۔ایک نوجوان نے عمران خان سے کہا کہ میرا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے ہے، وہاں پہاڑوں پر چیڑ کے درختوں کی کٹائی ہورہی ہے، آپ سے درخواست ہے کہ پوچھیں کہ وہ کیوں کاٹ رہے ہیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ میں ابھی اس حوالے سے پوچھوں گا، ہم درخت اگا رہے ہیں اور وہ درخت کاٹ رہے ہیں۔

عمران خان نے لوگوں سے پوچھا کہ بتا مجھ سے کیا چاہتے ہو؟مقامی فراد نے انہیں بتایا کہ کالج بنانا چاہیے، یہاں پر بچوں کے لیے بھی کوئی سہولت نہیں ہے، ہسپتال بنانا چاہیے۔دوسری جانب، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کی کہ اگر موجودہ حکمران کسی دن اس طرح عوام کے بیچ لینڈ کر گئے تو ابھینندن کی گرفتاری یاد آ جائیگی اور عمران خان کو جو لوگوں کا محبت اور خلوص میسر ہے اس پر اللہ کا شکر ہے۔