سید خورشید شاہ کا کے فور پراجیکٹ آفس کا دورہ ،پیش رفت کا جائزہ لیا


کراچی(صباح نیوز)وزارت آبی وسائل  کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ  نے بدھ کے روز  کے فور پراجیکٹ آفس کا دورہ کیا، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) بھی دورے میں وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کے فور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی شہر میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے کے فور بہت اہم منصوبہ ہے،  وزارت آبی وسائل کے فور پراجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے واپڈا کو بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔پراجیکٹ انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ کے فور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیر وفاقی حکومت نے واپڈا کے سپرد کی ہے، کے فور پراجیکٹ پر8 مختلف کنٹریکٹ کے تحت کام جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کے فور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل مارچ2024 میں شیڈول ہے۔ کے فور پراجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے فنڈز کی بروقت فراہمی نہایت اہم ہے۔  کے فور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر کراچی کو یومیہ 260ملین گیلن پانی ملے گا۔