عمران خان، اعظم خان کی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی انکوائری ٹیم تشکیل


اسلام آباد(صباح نیوز)سائفر سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے دو سابق وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد اعظم خان کی آڈیو لیک کے معاملہ کی تحقیقات کے حوالے سے ایف آئی  اے کی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے ۔ انکوائری ٹیم میں ایف آئی اے کے پانچ ارکان شامل ہوں گے جبکہ آئی ایس آئی ، ایم آئی اور آئی بی کے کم ازکم گریڈ19کے تین افسران بھی شامل ہوں گے۔ ایف آئی اے کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سی سی آر سی اسلام آباد،ڈپٹی ڈائریکٹر سی ٹی ڈبلیو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر/تفتیشی افسر اور اس کے علاوہ انکوائری ٹیم کے سربراہ ایف آئی اے کے کسی بھی افسر کی خدمات حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

انکوائری کمیٹی کی تشکیل کے حوالہ سے باقائدہ نوٹیفکیشن ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی جانب سے جاری کردیا گیا۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق انکوائری کمیٹی عمران خان، اسد عمر، مخدوم شاہ محمود قریشی اور اعظم خان کو طلب کرے گی اور ان کے بیان ریکارڈ کر کے رپورٹ مرتب کرے گی اور یہ رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کردے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے یکم اکتوبر کو معاملہ کی تحقیقات کی منظوری دی تھی، ایف آئی اے کی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔