پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کااستعفوں کی منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے اراکین قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو ہدایت دے کہ وہ استعفوں کی منظوری کے حوالہ سے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ درخواست گزاروں اور دیگر112اراکین کو بلائے ، اسپیکر تحقیق کر لیں کہ جن اراکین نے استعفے دیئے انہوں نے اپنی مرضی سے آرٹیکل 64کے تحت استعفے دیئے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ قانون کے مطابق درخواست گزار کو سنے بغیر سپیکر استعفوں کے حوالہ سے اطمینان نہیں کرسکتا، ابھی الیکشن کا اعلان بھی نہیں ہوا ایک ساتھ 123ارکان کے استعفوں کودیکھا بھی نہیں جاسکتا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کا استعفیٰ منظور ہوا توانہوں نے درخواست کی سپیکر نے انہیں سنے بغیر استعفیٰ منظور کر لیا۔

عبدالشکور شاد کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے استعفیٰ منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

درخواست گزاروں میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، ڈاکٹر شیریں مزاری، شاندانہ گلزار، فخر زمان، فرخ حبیب، کیپٹن (ر)جمیل احمد خان، محمد اکرم چیمہ اور بریگیڈیئر (ر)اعجاز احمد شاہ شامل ہیں۔