دنیا کو امن و سلامتی کے لیے دین فطرت کی ضرورت ہے،راشد نسیم


کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ تمام تر مادی ترقی کے باوجود مغربی دنیا جرائم کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے۔ خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں آئے روز اضافہ اور نشہ کی لت میں مغرب کے نوجوان کو تباہ کر دیا ہے۔ دنیا کو امن و سلامتی کے لیے دین فطرت کی ضرورت ہے۔ اسلامی نظام نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان ستر سالوں میں مسائل کی آماجگاہ بن گیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے علاقہ صفورہ ضلع شرقی کراچی میں تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستانی حکمران ملک کے مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ نام نہاد بھاری مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والی جماعتوں نے عوام کو غربت اور بے روزگاری کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا۔

انھوںنے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام میں پوشیدہ ہے۔ اقامت دین کی علمبردار اور اسلامی سوچ کی حامل جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔