الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے 4 کروڑ روپے کا چیک پیش


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے مزید 4 کروڑ روپے کا چیک پیش کردیا گیا۔ صدرالخدمت فاؤنڈیشن لاہورانجینئر احمد حماد رشید نے مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبد الشکور کوالخدمت کمپلیکس لاہور میں امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔

اس موقع پر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ہم اہلیانِ لاہور کے مشکور ہیں جو الخدمت فاؤنڈیشن پر بھرپور اعتمادکا مظاہرہ کرتے ہوئے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے  بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔اہلیانِ لاہور نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ واقعی زندہ دلانِ لاہور ہیں۔

اس موقع پر انجینئر احمد حماد رشیدنے کہا کہ سیلاب زدگان کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ الخدمت لاہور اس سے پہلے اہلِ لاہورکے تعاون سے 16 کروڑ روپے کی خطیر رقم اور  کپڑوں،خشک راشن، ادویات اورخیموں پر مشتمل 18 ٹرک سیلاب زدگان کے لئے پیش کرچکی ہے، تاحال امداد کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان خبیب بلال اورجنرل سیکرٹری  الخدمت لاہورمغیث شاہد قریشی بھی موقع پر موجود تھے۔