امید ہے عالمی برادری سیلاب کے منفی نتائج کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کرائسز مینجمنٹ کے لیے یورپی کمشنر جینیز لیناری نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار، امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔

وزیر اعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے دوران یورپی یونین کی مدد کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے سیلاب سے فصلوں، مکانات، مویشیوں اور اہم انفراسٹرکچر کو ہونے والی تباہی کے ساتھ ساتھ سولہ سو سے زائد افراد کی ہلاکت کی تفصیلات بھی بتائیں۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں سب سے کم حصہ دار ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں تعاون کے ذریعے سیلاب کے منفی نتائج کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت کی طرف سے جاری ریسکیو، مدد اور بحالی کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کے لیے ہنگامی اقدامات اور سیلاب متاثرین کو ریلیف اور بحالی کی فراہمی کے لیے وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کا قیام بھی شامل ہے۔

فنڈ میں ملکی اور بین الاقوامی دونوں ذرائع سے عطیات وصول کئے جا رہے ہیں ۔ دونوں اطراف کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رہے گا، تاکہ 2023 کے بعد جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔