وزیر اعظم سے برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر کی ملاقات ،سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے مسلسل تعاون کی یقین دہانی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم سے برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر کی ملاقات ،سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر رائٹ انجیلا رینر نے ہائوس آف لارڈز کے ممبر لارڈ واجد خان کے ہمراہ ملاقات کی۔

انجیلا رینر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی 16.5 ملین پائونڈ کی انسانی امداد پر برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اور برطانیہ کی دیرینہ شراکت داری پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی، دفاع، ثقافت اور عوام سے عوام کے روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے میں 1.6 ملین پاکستانیوں کے مثبت کردار کا خصوصی حوالہ دیا۔

اس موقع پر لارڈ واجد نے وزیراعظم کو بتایا کہ برطانوی پاکستانی حالیہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے ساتھی پاکستانیوں کے لیے امداد اور بحالی کی کوششوں میں بہت زیادہ مصروف ہیں۔ دورہ کرنے والے وفد نے وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔