برسراقتدار ٹولے نے ملک کو معاشی سیاسی آئینی اوراخلاقی طورپربحرانوں سے دوچار کردیا ہے۔میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتوں کو ناکام ترین، کرپٹ اورعوام و دین دشمن حکومت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ برسراقتدار ٹولے نے ملک کو معاشی سیاسی آئینی اوراخلاقی طورپربحرانوں سے دوچار کردیا ہے، وڈیو لیک، اور مہنگائی کے طوفان سے لیکر قرآن وسنت کے صریحاخلاف ٹرانس جینڈر بل اس کی واضح مثال ہے،انھوں نے کہا ثابت ہوگیا کہ پی ڈی ایم حکومت کی ترجیح عوامی مشکلات ،معیشت کی بحالی اورغربت کا خاتمہ نہیں بلکہ بجلی گیس سمیت دیگر یوٹیلٹی بلزکے ذریعے مزید ٹیکسوں کابوجھ ڈال کر عوام کاخون نچوڑنا اورحکومتی ارکان پر کرپشن کے مقدمات کا خاتمہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آئی ایٹ اورآئی نائن کے دورے کے موقع پر بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم ا نے کہا صرف وزیر خزانہ نہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے، ایک دوسرے کو چور کہنے والے دونوں کا موقف درست ہے اس لیے کہ حکومت و اپوزیشن توشہ خانوں سے لیکر قومی دولت کی لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں،

انھوں نے کہا ملک کو سیلاب نے نہیں بلکہ کرپٹ قیادت و نظام نے ڈبویا جس سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو خود بیدار ہونا پڑے گا ورنہ بھوک وافلاس غربت محرومیاں اور سیلاب ان کا مقدر رہیں گے،انھوں نے کہاجماعت اسلامی اور الخدمت ملک بھر کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی حسب حال خدمت کر رہے ہیں تاہم الخدمت سمیت کوئی بھی ادارہ ریاست کا متبادل نہیں بن سکتا لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے لاوارث پڑے ہوئے ہیں،اس لیے حکومت متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے فوری و کرپشن فری اقدامات کرے۔