ملک ڈوبا ہوا ہے ، عمران کو احتجاج کی پڑی ہے، یوسف رضا گیلانی


ملتان(صباح نیوز) سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک ڈوبا ہوا ہے اور عمران کو اپنے جلسے اور احتجاج کی پڑی ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مخصوص طبقہ میری کردار کشی کررہا ہے ، یہ مخصوص طبقہ توشہ خانہ چلاجائے اور دیکھ لیں ہار وہاں موجود ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا کیس ابھی بھی چل رہا ہے اور ہمارے وکلا جلد کردارکشی پر قانونی کارروائی پر پریس کانفرنس کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی ہار رہے ہیں اس لئے کردار کشی کررہے ہیں لیکن اس کا جواب شاہ محمود قریشی کو 16 اکتوبر کو مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں مجھے اگر عدالت نااہل کردیتی ہے تو ان کی طرح روئوںگا نہیں خوش ہوں گا۔یوسف رضاگیلانی نے واضح کیا کہ معاہدے ریاست کے ساتھ ہوتے ہیں پارٹی کے ساتھ نہیں اور ہم سٹیٹ کے ساتھ معاہدے کے ساتھ چل رہے ہیں، پی ٹی آئی والے اپنی حکومت میں سائفر کی انویسٹی گیشن کروا لیتے لیکن سائفر اس لئے لایا گیا کہ عدم اعتماد ٹل جائے اور ہم انہیں غدار قرار دے دیں ۔