طلبہ کو متحد ہو کر طلبہ یونینز کی بحالی کی تحریک چلانی چاہیے،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی راہنما حافظ محمد ادریس نے اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ قوموں کا اصل سرمایہ ان کی نوجوان نسل ہوتی ہے۔ہر قوم کے اپنے قومی اقدار ہوتے ہیں نوجوانوں کو ان اقدار اور اخلاقی پیمانوں کے مطابق عملی زندگی کے لیے تیار کرنا والدین ،اساتذہ اور پورے سیاسی و معاشرتی نظام کی ذمہ داری ہوتی ہے۔پاکستان کی نوجوان نسل کو مغربی ایجنڈے کے تحت اپنی اصل سے دور کرنے کی منصوبہ بندی ہو چکی ہے اور اس پر زور شور سے عمل کیا جا رہا ہے اس کے باوجود پاکستانی نوجوان نسل میں خیر موجود ہے نوجوان انشااللہ اچھی تربیت کے نتیجے میں شر کی قوتوں کو شکست سے دو چار کریں گے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اللہ کی بڑی نعمت ہے جو نوجوان نسل کو شعوری طور پر اسلام سے وابستہ کرنے کے لیے اپنی تاسیس سے لے کر آج تک پوری پون صدی سے میدان عمل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے طلبہ کی یونینز کا خاتمہ ہر دور حکمرانوں کی نوجوانوں سے دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت ہے۔طلبہ یونینزسے نوجوان قیادت وجود میں آتی ہے ہر مرتکب فکر اور نظریے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو متحد ہو کر طلبہ یونینز کی بحالی کی تحریک چلانی چاہیے ۔اس کے ساتھ سب طلبہ تنظیموں کو ایک مشترکہ چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کر کے اس میدان میں پر امن جدو جہد کا آغاز کرنا ہو گا یہ وقت کی ضرورت ہے۔