ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا ، پنجاب، خیبرپختونخوا،سندھ اورجڑواں شہروں میں صورتحال بے قابو


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک بھر میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور جڑواں شہروں روالپنڈی اسلام آباد میں صورتحال بے قابو ہونے لگی جس کے باعث ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ دیکھاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 2460 ہوگئی ، شہر کے تین اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 100 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

راولپنڈی کے اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد کے علاقوں سے ڈینگی کے 55 مریض راولپنڈی کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے تین اسپتالوں کے 404 بیڈز پر 235 مریض زیرعلاج ہیں، بینظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 211 مریض داخل ہیں جبکہ ہولی فیملی میں 64، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 59 مریض زیرعلاج ہیں۔تین اسپتالوں میں ڈینگی پازٹیو مریض 142 ہوگے،

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عنصر اسحاق کا کہنا ہے کہ ڈینگی رسپانس کیس کی شرح سو فیصد ہے جس گھر سے ڈینگی کا مریض رپورٹ ہوتا ہے اس کے گھر چاروں طرف 49 گھروں میں اسپرے اور فوگنگ کی جاتی ہے گلیوں اور خالی پلاٹس پر کارپٹ فوگنگ کی جاتی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38ہوگئی جن میں سے 36کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 329کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 220کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔محکمہ صحت سندھ  نے کہا کہ ضلع کورنگی 57، ضلع وسطی 55، ضلع شرقی 50، ضلع ملیر 28، ضلع غربی 4، ضلع جنوبی 15اور کیماڑی 11کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 36 افراد، حیدرآباد میں 1 اور میرپور خاص میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔اس کے علاوہ رواں ماہ یکم ستمبر سے اب تک کراچی میں 6 ہزار 273 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265کیسز رپورٹ ہوئے

۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ، محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 8ہزار 961تک پہنچ گئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 2ہزار 32تک ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں پشاور سے 219جبکہ مردان میں 60کیسز سامنے آئے جبکہ اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتال میں ڈینگی کے 105مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت نے کہا کہ اب تک مجموعی طور پشاور سے سب سے زیادہ 3 ہزار 3 اور مردان سے 2 ہزار 337 کیسز رپورٹ ہوچکے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی سے 8 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔