ن لیگ کی طرح انتقامی سیاست نہیں کی،مثبت سیاسی رویات قائم کیں،پرویزالٰہی


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی طرح انتقامی سیاست نہیں کی،مثبت سیاسی رویات قائم کیں، عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے پروگراموں پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، ہمیشہ غریب کو ریلیف دینے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا، ایسے کام کر رہے ہیں جو عوام میرے پہلے دور کی طرح یاد رکھیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں، ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ترقی کا دور تھا، اب بھی مختصر مدت میں آپ نے فلاح عامہ کے لیے شاندار اقدامات کئے ہیں۔