عالمی منڈی میں قیمتیں کم اور شہباز حکومت نے پٹرول کے نرخ بڑھا دیے، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ حکوم نے بجلی، پٹرولیم مصنوعات وخوردنی اشیاء کی قیمتوں میں بدترین اضافہ سے عوام کی چیخیں نکلوا دیں ہیں۔آئی ایم ایف کے غلام گزشتہ کئی عرصے سے پی ٹی آئی اور پی ٹی ایم وفوجی آمرکی شکل میں قوم پر مسلط ہے جس کی وجہ سے قرضے ،مہنگائی بے روزگاری بدعنوانی میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔جماعت اسلامی ان لٹیروں کے خلاف مسلسل میدان عمل میں مصروف ہے ۔ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔

  ایک بیان میں صوبائی امیرنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات ،یوٹیلٹی بلز میں آئے روز بے تحاشا اضافے کی صورت میں حکومت نے عوام پر مسلسل قہر برسانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ عوام اپنے گھروں کا راشن خریدنے کی بجائے بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ غریب عوام کے پاس بچوں کی تعلیم وعلاج اور لباس کیلئے رقم نہیں یہ سب حکمرانوں کی وجہ سے ہے ۔ امریکی غلامی اورآئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر پاکستانی حکمرانوں کی جانب سے من و عن عمل درآمد نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اتحادی حکومت عوام کی ترجمانی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی بجائے آئی ایم ایف وامریکہ کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک وقوم جس تباہی وبربادی کے نہج پر پہنچ چکی ہے۔ اس میں پی ٹی آئی اور پی ڈیم ایم کی جماعتوں کابرابر منفی کردار ہے۔ لوگ ایک جانب سیلاب کی تباہ کاریوں ، وبائی امراض اور دوسری جانب مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگور ہورہے ہیں۔ ا گرماضی کی حکومتوں نے ملک کے اندر آبی ذخائر تعمیر کیے ہوتے توآج سیلاب کی صورتحال پیدا ہوتی ، لوڈشیڈنگ ہوتی اور نہ ہی ملک کے اندر بجلی اتنی مہنگی پیدا ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 88ڈالر فی بیرل سے نیچے آچکی ہے۔ مگر بد قسمتی سے حکومت پاکستان نے کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کی بجائے لیوی 37روپے کردی ہے۔ پٹرول پر 46روپے فی لیٹر جگا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ ڈیزل پر لیوی کی شرح 7.2، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر لیوی 10روپے فی لیٹر وصول کی جارہی ہے، جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق آنے والے مہینوں میں لیوی کی شرح کو 50فیصد تک کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے بعد اتحادی حکومت کی بد ترین کارکردگی کا پول بھی کھل کر قوم کے سامنے آچکا ہے۔ ان کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنی ہو گی ۔