سینیٹراسحاق ڈاراحتساب عدالت اسلام آباد میں سرنڈر کرنے کیلئے تیار ہوگئے


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیرخزانہ  اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر اسحاق ڈار اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سرنڈر کرنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائرکردی ہے۔ ان کی یہ درخواست احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت میں دائرکی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے درخواست دائر کرتے ہوئے احتساب عدالت سے استدعا کی کہ نیب اسحاق ڈارکے وارنٹ گرفتاری واپس لے،اسحاق ڈارسرنڈرکرنے کیلئے تیار ہیں۔ وکیل نے یہ بھی استدعا کی کہ اسحاق ڈار کو پاکستان واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے کے خلاف بدھ کے روز ہی سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔ اور اسی روز اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔