اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔ پوری قوم آج اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے جنہوں نے آج سے 57سال پہلے پاکستان پر اندھیرے میں جو دشمن نے حملہ کیا، اس کاکلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دیوانہ وار مقابلہ کیا اوراپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی۔ ہمارے افسروں اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاکستان کو دشمن کے مکارانہ حملے سے ناصرف بچایا بلکہ دھرتی کے ایک، ایک انچ کی اپنی جانوں سے زیادہ حفاظت کی اور دشمن کے دانت کھٹے کردیئے۔ ہم ایک قوم بن کر سیلاب کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان ضرور اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔
ان خیالات کااظہار وزیراعظم شہباز شریف یوم دفاع وشہداء کے موقع پرپاکستان مونومنٹ شکرپڑیاں پریادگار شہداء پر حاضری دینے اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا اوریادگار شہداء پر فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم ان شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے اورغازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آج سے57سال پہلے جو دشمن نے مکاری کی تھی، ایک ملک جو حجم اور وسائل کے لحاظ سے پاکستان سے چار گنا بڑاتھا، پاکستان کی افواج نے اللہ کے سہارے، اپنے عقیدے اور اپنے مصمم ارادے کے بل بوتے پر دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ آج جب پوری قوم ان شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے، آج پھر سیلاب کے حوالہ سے پوری قوم یکجان دو قالب، آج پھر جنگ ستمبر کی طرح ناکوئی پنجابی، نہ کوئی پٹھان، نہ سندھی نہ بلوچ ، نہ کشمیری، نہ بلتی بلکہ مسلمان اور پاکستانی طرح ایک لڑی میں پروے جاچکے ہیں اور ان تلاطم خیر بارشی اوردریائی سیلاب کا دن رات مقابلہ کررہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے قدرتی آفت کے حوالے سے اس سے بڑی تباہی دیکھتی آنکھ نے دیکھی نہیں تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ، وفاقی حکومت ، صوبائی حکومتیں اورافواج پاکستان مل کر اس آفت کا مقابلہ کررہے ہیں اوردکھی انسانیت کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں ۔ افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے ایک بار پھر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، چاہے وہ لسبیلہ کا مقام ہے یا پاکستان کے اندر کوئی اور مقام، وہ دن رات اپنے بھائیوں اور بہنوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم میجرعزیز بھٹی شہید، میجر شبیر شریف شہید، سکوارڈن لیڈر سرفرازرفیقی، میجر محمد ضیاء الدین اوپل کو سلام پیش کررہی ہے اور ہر اس شہید اور ہر اس غازی کو جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پاکستان کے ایک، ایک انچ کو محفوظ کیا، یہ عظیم قربانی کی داستان رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی اور انشاء اللہ پاکستان ضرور اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔آئیے ایک قوم کے اس بندھن کو مضبوط کریں۔