کشمیرکونسل ای یو کے سربراہ علی رضا سید کی مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل عام کی مذمت


برسلز(صباح نیوز)کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمن علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز  کے ہاتھوں سویلین کشمیری باشندوں کے مسلسل قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جعلی مقابلوں میں سویلین کی مسلسل شہادت پر سخت  ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علی رضا سید نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم سویلین کے قتل عام سمیت مقبوضہ کشمیر میں ہرقسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سویلین کا قتل عام قابل مذمت اور قابل نفرت عمل ہے اور ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ علی رضا سید نے حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں انسانی حقوق کے عالمی ایوارڈ یافتہ علمبردار خرم پرویز کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور ان  کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اعلی یورپی حکام اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خرم پرویز کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئندہ بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو یورپی اداروں میں اٹھاتے رہیں گے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے یورپی یونین، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوائیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کرادار ادا کریں۔

یادرہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سویلین باشندوں کے جعلی مقابلوں میں مسلسل قتل عام کے خلاف آل پارٹیز حریت کانفرنس کی درخواست پر وادی میں جمعہ اور جمعرات کو دو دن لگاتار ہڑتال رہی۔

بدھ اور جمعرات کی رات تین کشمیری نوجوانوں کو سیکورٹی فورسز نے سری نگر میں رام باغ کے علاقے میں جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا اور اس سے  چند دن  قبل  حیدرپورہ کے علاقے میں تین سویلین کو شہید کردیا گیا تھا۔