کراچی ( صباح نیوز ) کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے صدر کاظم خان نے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری کو کلاشنکوف کی گولی بھیج کر جان لیوا دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سی پی این ای کے صدر نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کو دھمکانے اور جان لیوا حملوں کے پس پردہ صحافیوں کی زبان بندی کے مذموم عزائم رکھنے والے جان لیں کہ “صحافی کے پاس قلم ہے، کلاشنکوف نہیں”۔ کاظم خان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کو مختلف حربوں اور پراسرار طریقوں سے ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے اور ان ہتھکنڈوں کی ناکامی پر بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات بنا کر گرفتاریاں اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدم برداشت، آمرانہ سوچ، من پسند بیانیہ مسلط کرنا اور طاقت کا نشہ ایسے واقعات کا باعث ہے۔ صحافی بزدلانہ کارروائیوں سے حق و سچ لکھنا اور دکھانا کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ سی پی این ای کے صدر نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری کو گولی بھیجنے اور جان لیوا دھمکیاں دینے والے عناصر کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔