سجاول (صباح نیوز)وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب نے تباہی مچا ئی ،مل کر صورتحال سے نمٹیں گے،ذتی مفادات کی خاطر قوم کے مفادات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کرنی ہے،سندھ میں پانی چاروں طرف پھیلا ہوا ہے ،کوئی جگہ خشک نہیں ،تمام صوبوں کو امدادی گرانٹس دینگے۔
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سندھ میں ضلع سجاول کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی ساتھ تھے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ضلع سجاول کے سیلاب متاثرہ علاقوں فقرانی جاٹ، اوپلونو اور دیگر مقامات کا دورہ کیا، دورے کے دوران وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کی مدد اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ رواں سال سندھ میں 400 فیصد سے زائد بارشیں ہوئی ہیں، معمول سے زیادہ بارشیں ہونے سے نظام زندگی بری طرح تباہ ہوچکا ہے، سیلاب سے فصلوں اور لائیو سٹاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی گھر تباہ جبکہ سڑکیں اور پل بھی متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ فلڈ ریلیف کمیپوں میں متاثرین کو کھانا ،ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں عوام کو ٹینٹ، مچھروں سے بچا کا سامان فراہم کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے۔
دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں پانی چاروں طرف پھیلا ہوا ہے ،کوئی جگہ خشک نہیں۔ متاثرین سیلاب کے لیے ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے امداد فراہم کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ تمام صوبوں کو امدادی گرانٹس دیں گے، متاثرین کیلئے 38 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں، خرم دستگیر بجلی کے مسئلے کے حل تک سندھ میں ہی رہیں گے۔
انہوںنے کہا کہ کل آئی ایم ایف بورڈ کے ساتھ میٹنگ ہے، ایک سیاسی جماعت صورتحال بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے، ذاتی مفادات کی خاطر قوم کے مفادات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کرنی ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے سندھ میں دورہ سجاول کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔