سیلاب سے جانی و مالی نقصانات ، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت یوم استغفار منایا گیا


کراچی (صباح نیوز )سیلاب سے جانی و مالی نقصانات ، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت یوم استغفار منایا گیا، سیلاب زدگان کی بحالی ، تحفظ اور عافیت کے لیے خصوصی دعائیں ، مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔

جماعت اسلامی کراچی(حلقہ خواتین) کے تحت جمعہ 26اگست کو اندرون سندھ ، بلوچستان ، کے پی کے اور جنوبی پنجاب میں طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث پیدا شدہ سنگین صورتحال کے پیش نظر یوم استغفار منایا گیا ، سیلاب زدگان کی بحالی ، تحفظ اور عافیت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔ ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے سیلابی صورتحال کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تمام صوبائی حکومتوں اور وفاق کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کے لیے فوری ریلیف کا انتظام کیا جائے اور ان کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے ۔

ناظمہ کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے ریسکیو آپریشن اور ریلیف ورک جاری ہے ۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں ، پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں ۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔