کراچی( صبا ح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے 81ویں یومِ تاسیس کے موقع پر صوبائی دفتر قبا آڈیٹوریم میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب قیم مولانا آفتاب ملک نے خطاب کیا جبکہ صوبائی نائب قیم محمد مسلم،ناظم مالیات محمد دین منصوری،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،صدرالخدمت سندھ ڈاکٹر تبسم جعفری، این ایل ایف پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید نظام الدین شاہ سمیت الخدمت وجماعت اسلامی کے کارکنان نے شرکت کی۔
مرکزی نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا کہ بانی جماعت مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اور کارکنان کی جدوجد کے نتیجے میں قرارداد مقاصد پاس ہوئی جو آج دستور کا حصہ ہے، دوسری کامیابی 22نکات کی صورت میں اجتماع امت ہے،جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور ایم ایم اے سے لیکر ملی یکجہتی کونسل اس کا تسلسل ہے اس ساری جدوجہد کا مقصداللہ کے دین کی سربلندی اور اقامت دین ہے جو نہ صرف اپنے چار فٹ قد بلکہ معاشرے اور پورے ملک میں نافذ کرنا ہے۔
صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام اور جدوجہد کا مقصد ملک میں قرآن وسنت کا نفاذ ہے آج جماعت اسلامی کے کارکنان کیلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ وہ خون کے آخری قطرے تک اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،پاکستان اور جماعت اسلامی کے کلمے والا پرچم سربلند رہے گا۔جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے غلبے اور خصوصاً پاکستان میں نظام مصطفیۖ کے نفاذ کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی81سال سے جمہوری جدوجہد کے ذریعے فرد اور معاشرے کی اصلاح کا کام کررہی ہے ۔بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودینے برصغیر کے مسلمانوں کو اقامت دین کا راستہ دکھایا اور اسلام کے خوبصورت چہرے پر جو گردو غبار چھا گیا تھا اسے صاف کیا۔
اسلام کو محض عبادات اور رسومات کا مذہب بنا دیا گیا تھا ، سید مودودی نے اپنے انقلابی لٹریچر کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ اسلام امن ، حقیقی ترقی اور عدل اجتماعی کا ضامن ہے۔تقریب میں ملک کی سلامتی،استحکام وترقی،جماعت اسلامی کی کامیابی اور سیلاب وبارش متاثرین کی مشکلات حل کرنے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔یاد رہے کہ جماعت اسلامی 26اگست 1941 کو قائم ہوئی، اسکے پہلے وبانی امیرسید ابوالاعلیٰ مودودی،دسرے میاںطفیل محمد، تیسرے قاضی حسین احمد،چوتھے سیدمنورحسن اورموجودہ پانچویں امیرسراج الحق ہیں۔