کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود اے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرول قیمتوں میں مزید اضافہ کو مسترد اور عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام پر نت نئے ٹیکسوں، مہنگائی اور سودی نظام معیشت سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، مہنگائی میں جکڑے ہوئے اور معاشی مسائل سے دوچار عوام پر حکومتی فیصلہ بجلی بن کر گرا ہے جس سے عام افراد اور مزدور پیشہ لوگ شدید متاثر ہونگے،پوری دنیا میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جارہا ہے لیکن اے پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کی بجائے مزید مہنگا کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ دو روز پہلے 9 روپے 90 پیسے کا بجلی بم گرایا اور آج 6 روپے 72 پیسے کا پٹرول بم گراکر پاکستانی عوام اور معیشت کے ساتھ حکومت کی خوفناک تجربہ کاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء مہنگی ہو گئی ہیں۔ متوسط طبقہ حد درجہ تک پریشان ہے۔ سفیدپویشی کا بھرم رکھنا ممکن ہو چکا ہے۔ ہر غریب آدمی مجبور ہے، آئے روز مہنگائی میں اضافے نے غریب لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے،بجلی کے بل، گیس کے بل، گھر کی ضروریات آٹا، چینی، گھی، آئل، دالیں اور سبزیاں بہت زیادہ مہنگی ہو چکی ہیں۔ آٹے کے ریٹ ہر روز بدلے ہوتے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیکر عوام کی حالت زار پر رحم کرے۔
موجودہ حکمرانوں نے 14اگست کے دن اسلام کے نام سے قائم اسلام آباد میں سرکاری خزانے کے خرچ پر ناچ گانے اور بے ہودہ رقص وسرور کی محفل رچاکر عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، زہر کھانے کے پیسے نہ ہونے کی دعویدار حکومت نے 03گھنٹے کی بے ہودہ محفل پر عوام کے کروڑوں روپے لٹاکر بے حیائی اور بے شرمی کے تمام رکارڈ توڑدیئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، کپڑے بیچ کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے والے وزیراعظم نے ناچ گانے پر عوام کے کروڑوں روپے لٹاکر بدترین حکومت ہونے کا ثبوت دیا ہے،قائد اعظم کی تصویر کے سامنے خواتین کا بے ہودہ رقص اور سامنے تمام وزراء بڑی جماعتوں کے قائدین بیٹھ کر لطف اندوز ہورہے ہوں اس سے بڑی بیہودگی نہیں ہوسکتی۔بلوچستان،سندھ اور کراچی کے عوام بارش اور سیلاب میں ڈوب رہے ہیں لیکن حکمران اسلام آباد میں قومی دن کے موقع پر بیہودگی سے لطف اندوز ہوکر عوام کی مفلسی کا مذاق اڑارہے ہیں۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اس ملک میں آج تک سامراج کے غلام اور عوام دشمن حکمرانوں کی حکومت رہی ہے جنہوں نے قیام پاکستان کے مقاصد سے دور اور عوام کا خون نچوڑ کر کرپشن کے ذریعے اپنی تجوریاں بھرتے رہے اور عوام مہنگائی،بیروزگاری مفلسی کے ہاتھوں مرتی رہی، وزیروں مشیروں کی فوج ظفرموج لگاکر قومی خزانے کی بندر بانٹ کی جاتی ہے جبکہ عوام ہر دور میں صرف نعرے مارنے کے لئے ہیں، سہولیات امیروں اور وڈیروں کیلئے ہیں۔