ازبکستان کے ساتھ تجارتی راہداری معاہدے اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کو فوری طور پر فعال کرنے کی ضرورت ہے،شہباز شریف


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ وسیع دوطرفہ معاشی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کیلئے تجارتی راہداری معاہدے اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کو فوری طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ازبکستان کے سفیر Oybek Usmanov سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے ذریعے ریلوے منصوبے سے رابطوں میں اضافہ ہوگا اور علاقائی خوشحالی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے وسطی ایشیائی ملکوں کو کراچی، بن قاسم او ر گوادر کی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز خصوصا صنعتی، الیکٹرانکس اور زرعی شعبوں میں ازبک سرمایہ کاروں کو بھی دعوت دی جس سے دو طرفہ فوائد حاصل ہوں گے۔ علاقائی مسائل پر پاکستان اور ازبکستان کے متفقہ موقف پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے افغانستان کے پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔