وزیراعظم نے راول چوک فلائی اوور کا افتتاح کردیا


اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد راول چوک فلائی اوور کا افتتاح کر دیا اور اس موقع پر شہباز شریف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، سابق اراکین اسمبلی حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار،رکن اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب،زہرہ ودود فاطمی،طارق فاطمی،دانیال چوہدری، سی ڈی اے،ایف ڈبلیو او اور دیگر محکموں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر یہاں موجود سب شرکا ء کو یوم آزادی کی مبارک ہو، ہمارے برزگوں نے قائد اعظم کی عظیم قیادت میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خداداد مملکت پاکستان حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی 75 ویں سالگرہ ہے اور پوری قوم یہ دن بڑے اہتمام اورجوش وخروش سے منارہی ہے، بارش کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں آپ کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کے دن پاکستان کا یوم آزادی مناتے ہوئے اس دن کو گواہ بناکر عہد کریں کہ جس طرح قائداعظم اور لاکھوں مسلمانوں نے تحریک چلائی اسی طرح ہم آج کمر بستہ ہوکر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور پاکستان کواس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے ، ہم دن رات محنت کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 4 سال سے یہ منصوبہ التوا کا شکار تھا، جسے چند ماہ میں مکمل کیا، امید ہے بھارہ کہو کا منصوبہ 4 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے منتخب میئر سمیت سب کو مبارک دیتا ہوں، سب نے محنت کی، 20بسیں لائے ہیں، کاش یہ پہلے منگوائی ہوتیں تو یہ کبھی لیٹ نہ ہوتا، انٹر سٹی بس سروس کو 2 کی بجائے ایک ماہ میں مکمل کریں اور راول چوک انڈر پاس کی تکمیل جلد کریں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے بڑے بڑے منصوبے پورے ملک میں کم سے کم مدت میں مکمل کئے ہیں اور مزید بنائیں گے۔