کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن خوشی اور امید کا دن ہے اس کے ساتھ اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ پاکستان کو اس کے نظریہ کے عین مطابق اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا ہے اور اس وژن پر عملدرآمد ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور اتحاد کی بنیاد اس کا نظریہ ہے، وطن عزیز کی جدوجہد آزادی کی راہ میں بہایا جانے والا قیمتی خون ہر 14 اگست کو یاد دلاتا ہے کہ اس نظریے کی خاطر اپنوں نے جانیں قربان کیں۔پاکستان کی بقا ، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیماں پورے کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے رب سے کیے تھے۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک نہ ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کر سکتا ہے نہ ہی قومی وقار اور ملکی خودمختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اسلامی آئین ہی اس کو متحد و محفوظ رکھ سکتا ہے اور ایک نظریاتی قیادت اس کے استحکام کی ضرورت ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے ان کشمیری و فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے جو نامساعد حالات میں اپنی آزادی کے لئے محو جدوجہد ہیں۔کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
دردانہ صدیقی نے کہا کہ ایمان ،اتحاد اور یقین پاکستان کی ترقی کا استعارہ ہیں۔تحریک پاکستان ،تعمیر پاکستان تک جاری رہے گی۔آئیے تمام تعصبات سے بالاتر ہو کر وطن کی ترقی کے لئے متحد ہو جائیں تاکہ علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کی انتھک جدوجہد کے حاصل اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنایا جا سکے