ضمنی انتخابات،الیکشن کمیشن کاامیدواروں کی سکروٹنی کیلئے چیئرمین ایف بی آر کو بلانے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے چیئرمین ایف بی آر کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات میں امیدواروں کی سکروٹنی کیلئے ٹیکس معلومات درکار ہیں، کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے ایف بی آر کی جانب سے ارکان اسمبلی اور امیدواروں کی ٹیکس اسٹیٹمنٹس تاحال فراہم نہیں کی جاسکیں ہیں جس پر الیکشن کمیشن حکام نے ایف بی آر کے اس رویئے کی شکایت بھی کی ہے۔

شکایت موصول ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے ایف بی آر کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے کی پیش نظر چیف الیکشن کمشنر نے فوری طور پر چیئرمین ایف پی آر کو بلانے کی ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ ڈی جی پولیٹیکل فنانس چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کرکے معلومات حاصل کریں۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت الیکشن کمیشن کسی بھی ادارے سے معلومات طلب کرسکتا ہے۔