الخد مت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے 70لاکھ روپے مالیت کاامدادی سامان روانہ


اسلام آباد (صباح نیوز) الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے 70لاکھ روپے مالیت کاامدادی سامان گزشتہ روز روانہ کیا گیا ،

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد اطہر نے متاثرہ علاقوں کے لیے ٹرکوں کو روانہ کیا ، اس موقع پر الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر باقر خاکوانی ، الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل الطاف شیر ، پاکستان بزنس فورم کے صدر طاہر چوہدری اور اظہر علی بھی مو جو د تھے ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ایک سرکردہ، غیر منافع بخش تنظیم ہے، جو کہ مکمل طور پر انسانیت کی خدمت کے لیے وقف ہے، الخدمت کے کارکنان اور رضاکار پاکستان اور دنیا بھر میں دکھی افراد کی امداد کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔، الخد مت فاؤنڈیشن کی سات بڑے شعبہ جات ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صحت ، تعلیم، یتیموں کی کفالت ، صاف پانی، مواخات (بلاسود قرض) سمیت دیگر شعبہ جات میں خدمات جاری رکھے ہو ئے ہے۔