پی ٹی آئی نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔۔

پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

دائر کی گئی درخواست میں پاکستان تحریکِ انصاف نے عدالتِ عالیہ سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کر دی۔

درخواست میں استدعا کی گئی  کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

پی ٹی آئی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا 2 اگست کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا جائے۔پاکستان تحریکِ انصاف کی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا  ۔