شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے،طاقت استعمال مناسب نہیں ،اسدعمر


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ شہباز گل کی گرفتاری غیرقانونی ہے، تحریک انصاف کیخلاف بڑامقدمہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ ہم نے طاقتور لوگوں سے پنجاب کا اقتدارچھینا ہے۔ بند کمر ے میں بیٹھ کر لوگوں کے ضمیر خریدے گئے۔عمران خان کی کال پر قوم بار بار نکلتی رہی ۔ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔ پنجاب ضمنی الیکشن کے بعد امپورٹڈ حکومت خوف میں مبتلا ہوگئی۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ شہبازگل کوتشدد کرکے لے جایاگیا۔ تحریک انصاف کیخلاف بڑامقدمہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور تحریک انصاف میں خلیج بنانے کا بیانیہ بنایاجارہاہے۔شہبازگل کے معاملے پر قانون کی غلط تشریح کی گئی، شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے قبل کوئی وارنٹ جاری ہوتا ہے ۔ مقدمہ بنایا جارہاہے کہ پی ٹی آئی ملک کے لیے خطرہ ہے۔ شہباز گل نے جو بات کی، ہوسکتا ہے آپ کو اس سے اختلاف ہومگر طاقت کا استعمال مناسب نہیں۔ ایک سچالیڈربندکمرے کی سازش کیخلاف کھڑاہوگیا۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی رہنمائوں کے بیانات دیکھ لیں، تقاریر مل جائیں گی۔ گزشتہ روز کے واقعہ کو سمجھنے کے لیے 4 ماہ کی صورت حال دیکھنا ہوگی۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں الیکشن کیشن فیصلے سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جھوٹے بیان حلفی پرفیصلہ سنایا۔ روزانہ پریس کانفرنسز میں فارن فنڈنگ کا معاملہ اٹھتا رہا۔الیکشن کمیشن نے خود فارن فنڈنگ کا لفظ استعمال کرنا چھوڑ دیا۔ الیکشن کمیشن نے جو فیصلہ دیا وہ حقائق کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں پاکستان اور باہر کے قانون کی تشریح غلط کی ، الیکشن کمیشن نے جھوٹے الزامات لگائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں لکھ دیا عمران خان نے بیان حلفی دے دیا، جب کہ عمران خان نے بیان حلفی نہیں د یا وہ سرٹیفکیٹ ہے۔