حل صرف جماعت اسلامی ،عوامی نعرہ بن چکا ہے ،جماعت اسلامی کے امیر ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے امیر ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جب اللہ کی رضا اور تائید ہوتی ہے، تو ہر چیز میں برکت دیکھنے کوملتی ہے، آپس میں اتفاق اور اتحاد ہو جاتا ہے، دل صاف اور دماغ یکسو ہو جاتے ہیں اور جب اللہ کی ناراضگی ہوتی ہے، تو آپس میں دل پھٹ جاتے ہیں۔ ناراضگیاں ہونے لگتی ہیں، ہوا اکھڑنے لگتی ہے، ہر چیز میں بے برکتی نظر آتی ہے یہ باتیں امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی نے سوشل میڈیا شرقی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ حل صرف جماعت اسلامی ایک عوامی نعرہ بن کر زبان زد عام ہو چکا ہے، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع شرقی کے ناظم سوشل میڈیا نبیل احمد فاروقی نے بھی خطاب کیا۔ آئندہ کی حکمت عملی اور اہداف کا تعین کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شاہد ہاشمی نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم نے جس طرح مختلف پلیٹ فارمز استعمال کرکے جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کیا وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سوشل میڈیا ٹیم آئندہ بھی اسی وژن کے ساتھ کام کرتی رہے گی اس موقع پر سید شاہد ہاشمی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں تحائف تقسیم کیے۔