پنجاب کے لوگوں کو 23 نئے سرکاری ہسپتالوں کا تحفہ دینگے،یاسمین راشد


لاہور(صباح نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگوں کو 23 نئے سرکاری ہسپتالوں کا تحفہ دیں گے۔ یاسمین راشد اچانک گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک پہنچ گئیں جہاں انہوں نے بلاک میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ تمام افسران کو زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو مقررہ وقت پر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے یاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیرمدر اینڈ چائلڈ بلاک کو مقررہ طے شدہ وقت پر مکمل کریں گے اور اس ہسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو جلد مکمل کر کے عوام کیلئے کھول دیں گے۔ تمام متعلقہ افسران کو زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس بلاک میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال عمران خان کے وعدے کی تکمیل ہیں، پنجاب کے عوام کو 23 نئے سرکاری ہسپتالوں کا تحفہ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تمام زیر تعمیر مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان میں ہرسال ہزاروں مائیں اور بچے دوران زچگی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے ذریعے ہزاروں ماں اور بچوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت علی جان خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، سپیشل سیکرٹری محمد عثمان، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی، شیخ اعجاز، سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔