رانا ثنا اللہ کے خوف سے 25 مئی کو عمران خان خیبرپختونخوا بھاگ گئے تھے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خوف سے 25 مئی کو عمران خان خیبرپختونخوا بھاگ گئے تھے، فواد احتیاط اچھی چیز ہے اوقات تک نہ جائیں یہ آپ کے لئے بہتر ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے تحت فارن ایڈد پارٹی ڈکلیئر ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت عمران صاحب نے پانچ سال جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ہے، یہ آٹھ سال میں 11 دفعہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکا چکے ہیں اور 9 وکیل بدل چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی کے قانون کے تمام دروازے بند ہوتے ہیں، 8 سال میں پی ٹی آئی نے 9 وکیل بدلے، 50 مرتبہ سماعت کو ملتوی کرایا، 11 پٹیشنز ہائی کورٹس میں کیں، آج سو باتیں کررہے ہیں 8 سال میں الیکشن کمیشن میں کرنی تھی نا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا خوف عمران خان کو تھا اسی لئے 20 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا تھا، رانا ثنا اللہ کے خوف سے 25 مئی کو عمران خان خیبرپختونخوا بھاگ گئے تھے، فواد احتیاط اچھی چیز ہے اوقات تک نہ جائیں تو آپ کے لئے بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آچکا ہے اب قانون کے مطابق عمل درآمد ہورہا ہے، 8 سال میں ایک روپے اور ایک اکائونٹ کا حساب نہیں دیا اب کسی جواب کی ضرورت نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اب فارن ایجنٹ عمران خان اور فارن ایڈڈ پارٹی کے جھوٹ اور فراڈ کا تماشہ ختم ہوچکا ہے ۔