محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کر کے رجیم چینج کا بیانیہ ختم کردیا ،ملک احمد خان


  اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ جب سے عمران خان نے سیاست میں آکر فارن فنڈنگ لینا شروع کی ہے تب سے پاکستان عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کر کے اور گاڑیاں لیکر امریکی غلامی نامنظور کے عمرانی بیانیہ سے ہوا نکال دی ہے، جب سے  فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا ہے عمران خا ن بار بارکہ رہے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی نیوٹرلز کے کہنے پر   کی اگر ہمت ہے تو کھل کر نیوٹرل کا نام لیں کہ کیا جنرل باجوہ نے آپکو کہا تھا کیا جنرل فیض حمید نے؟ ۔

یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کے پی میں پچیس پچیس ہزار پر سوشل میڈیا میں لوگ رکھے ہوئے جو کہ اداروں اور فوج کے خلاف مہم چلاتے ہیں،  خیبرپختونخوا حکومت نے تین ارب کا بجٹ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے لیے رکھا ہوا ہے اور وہ پیسہ اداروں کے خلاف استعمال ہورہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی کے پی محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کے بعد رجیم چینج کا  بیانیہ ختم کردیا ہے،جب سے تحریک عدم اعتمادآئی ہے اس کے بعد سے یہ لوگ اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے ہیں،ملک کی نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا،مخالفین پر جتھوں کے ذریعے حملے کروائے جاتے رہے،انکے جتھوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، پی ٹی آئی کے لوگ پارلیمنٹ کے گیٹ پر حملہ اور ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی انتشار کی سیاست نے ملک کو عالمی سطح پر اکیلا کر دیا،ٹرولرز کے ذریعے ملکی اداروں اور شخصیات کو گالیاں دی جاتی ہیں، ان کے حق میں فیصلہ آئے تو ٹھیک اور اگر خلاف آئے تو فیصلہ غلط ہوتا ہے۔ملک احمد خان نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے دلی افسوس ہے،حکومتی حکام  اور وزیر اعظم متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں،حکومت متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی، پوری قوم متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔