ثابت ہوگیا کہ ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، پی ٹی آئی پنجاب


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنائے گئے،آج دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، پچھلی حکومت نے ہمارے سب ایم پی ایز پر دہشت گردی کے خلاف مقدمات بنوائے، ہمارے اوپر سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے تھے، آج دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔

اس موقع پرمراد راس نے کہا کہ جو ہم پر دہشت گردی کے جعلی مقدمات بنائے گئے وہ ختم ہو گئے، اب چھوٹی اور مختصر کابینہ بنائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس پہلے کی طرح عوام کو ریلیف دینا ہے جو ہم پنجاب کے لوگوں کے لئے کریں گے وہ سب نظر آئے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ آج سے آپ کو واضح فرق نظر آئے گا، انشا اللہ لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔مراد راس نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں پاک فوج کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولا جاسکتا ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جتنے بھی جھوٹے مقدمات بنائے گئے ان میں عدالت سے سرخرو ہوئے، اصل کامیابی اسلام آباد پر قبضہ کرنے والوں کو نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ جماعتوں کے پاس آدھا کلومیٹر اسلام آباد کا علاقہ رہ گیا ہے، جلد ان سے مکمل نجات ملے گی ہم حقیقی آزادی کی طرف گامزن ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 40لاکھ لوگوں کو مردہ قرار دیا، الیکشن کمیشن کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اداروں کے سامنے عوام کا مقدمہ لڑیں گے، اب اچھل کود کر رہے ہیں کے عمران خان کو گرفتار کریں گے، ایک بار گرفتار کر کے دیکھو دیکھنا عوام آپ سے کیا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا بڑا حصہ ہم نے ان سے آزاد کروا لیا ہے جلد باقی بھی کروا لیں گے، ہم کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے جن کے خلاف ثبوت ہوں ان کے خلاف کارروائی بنتی ہے۔