ق لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا چوہدری شجاعت کی قیادت پر اعتماد کا اظہار


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔لاہور اجلاس سے اعلان لاتعلقی، کامل علی آغا اور لاہور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس کا اجلاس ہوا،جس میں  خیبرپختونخوا، سندھ ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے صدور و عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ ق سندھ کے صدر، بلوچستان اور کے پی کے عہدیداران نے لاہور اجلاس سے اعلان لاتعلقی کیا، جبکہ کامل علی آغا اور لاہور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ کی غیرقانونی برطرفی کی شدید مذمت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ق پنجاب کے جنرل سیکریٹری کامل علی آغا نے غیرقانونی اقدام اٹھایا، مرکزی مجلس عاملہ نے کامل علی آغا کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اعلامیے کے مطابق  پنجاب کی تنظیم کے غیرقانونی اقدام کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی ٹیم سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی تنظیم 10 اگست کو اجلاس بلانے کی مجاز نہیں، غیرقانونی اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔