راولپنڈی(صباح نیوز)لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور میجر خالد شہید کی آرمی قبرستان میں نماز جنازہ ادا کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین سینٹ اور وفاقی وزرا، وزیر اعظم آزاد کشمیر، غیر ملکی مندوبین اور حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان ہیلی کاپٹر کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈئئر خالد شہید کی آرمی قبرستان راولپنڈی میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزرا سمیت وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، غیر ملکی مندوبین اور حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی جبکہ سول حکام اور شہدا کے اہل خانہ بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
پاک فوج کے دستے نے شہدا کو گارڈ آف آنر پیش کیا،۔ شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا، جس کے بعد شہدا کے جسد خاکی آرمی قبرستان میں سپرد خاک کردیئے گئے۔ لیفیٹننٹ جنرل سرفراز علی کے صاحبزادے کیپٹن احمد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قومی پرچم وصول کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سینئر افسران کے بچے بھی ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ دوسری جانب سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میںوزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ بلوچستان ہیلی کاپٹر سانحہ کے شہدا کے جنازے میں شرکت کی، اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی،سیلاب میں پھنسے بے یارومددگار لوگوں کی مدد کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان بہادر افسران اور جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔