حکومت پاکستان نے 05 اگست کو یوم استحصال منانے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی


اسلام آباد۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہونے  پر05 اگست کو پاکستان بھر میں  یوم استحصال منایا جائے  گا۔ حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں 05 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک یوم استحصال بھرپور انداز سے منانے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس سلسے میں وزارت آمور کشمیر و گلگت بلتستان میں متعدد اجلاس منعقد کیے گئے جن میں چاروں صوبوں، آزادکشمیر گلگت بلتستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارت خارجہ،وزارت اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہم افسران نے شرکت کی اور اس دن کو بھرپور انداز سے منانے کے حوالے سے تیاریوں کو ترتیب دیا-

پانچ اگست 2019 کو بھارت نے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات اٹھاتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے اس پر اپنے غیرقانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف پورے پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہونے کو ہیں اور بھارت ان غیر قانونی اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ 05 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے خصوصی طور پر ملک کے طول و عرض اور بیرون ملک بھارت کی سفاکیت اور غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کیا جائے گا جس سلسلے میں متعدد سرگرمیوں کو ترتیب دیا گیا ہے۔

یوم استحصال کے دن کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔یوم استحصال کے حوالے سے صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان،وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، صدر آزادکشمیراور وزیرا عظم آزادکشمیر کے پیغامات چلائے جائیں گے-

وزیر خارجہ یوم استحصال کی مناسبت سے اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل، اوآئی سی اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو خصوصی خط لکھیں گے۔وزیر خارجہ 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے حوالے سے غیر ملکی سفیروں کو بریف کریں گے۔

انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں یوم استحصال کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔یوم استحصال کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکیومینٹری بھی تیار کی گئی ہے۔بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے اس دن کی مناسبت سے ویوڈیو ڈاکومینٹیری،تصویری نمائش اور ریلیز کا انعقاد کریں گے۔

پاکستان کے سفیر مقامی اخبارات میں آرٹیکل لکھیں گے۔پاکستان کوسٹ گارڈ کراچی میں بوٹ ریلی کا اہتمام کرے گا۔وزارت اطلاعات نے 05 اگست کو پاک چائنا سینٹر میں تصویری نمائش کا اہتمام کیا ہے۔تمام ٹی وی چینلز05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی مذمت میں اپنے لوگوز سیاہ کریں گے۔

ریڈیو پاکستان پر بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز چلائے جائیں گے۔یوم استحصال کے حوالے سے ایک نغمہ بھی تیار کیا گیا ہے۔موبائل کمپنیاں اس دن کی حوالے سے خصوصی پیغام چلائیں گی۔لوکہ ورثہ اسلام آباد میں بھی تصویری نمائش، ویڈیو ڈاکیو مینٹری چلائی جائے گی۔اسلام آباد سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں اہم مقامات پر خصوصی بینرز لگانے جائیں گے۔ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنز اور تمام میٹرو بس اسٹیشنز پر بھی خصوصی بینرز لگائے جائیں گے۔

آزادی ٹرین کی طرز پر ٹرینوں کی چند بوگیاں اس دن کی مناسبت سے پینٹ کر کے چلائی جائیں گی۔موٹرویز اور تمام ٹال پلازوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔ائیر پورٹ پر غیر ملکیوں میں اس دن کی آگاہی،بھارتی غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق پیمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ مظفر آباد سمیت آزادجموں وکشمیر کے  تمام شہروں میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔قومی ترانہ چلایا جائے گا اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

راولاکوٹ یونیورسٹی میں 05 اگست کی مناسبت سے تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔پاکستان کے تمام صوبائی ہیڈ کواٹرز میں بھی ایک منٹ کی خاموشی اور ریلیزز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔پاکستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور تحصیلوں میں بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔

حکومت پنجاب کرتارپور اور واہگہ بارڈرپر اس دن کے حوالے سے خصوصی بینرز لگائے گی۔سیاحتی مقامات پر بھی خصوصی بینرز آویزاں کیے جائیں گے اور سیاحوں میں خصوصی پمفلٹ تقیسم کیے جائیں گے۔