پشاور، اشتہاری کیخلاف آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، اے ایس آئی سمیت 2اہلکار شہید


پشاور (صباح نیوز)پشاور میں آپریشن کے دوران اشتہاری ملزموں کی فائرنگ سے اے ایس آئی اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔

کارروائی کے دوران مکان سے 2 مشتبہ ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا، شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد تاتارا کی حدود میں مطلوب اشتہاری ملزموں کی موجودگی پر ٹارگیٹڈ آپریشن کیا گیا، مکان میں چھپے اشتہاری ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق آپریشن گزشتہ رات گئے کیا گیا، کارروائی کے دوران مکان سے 2 مشتبہ ملزم گرفتار ہوئے، فرار ملزم کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بعد ازاں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کی گئی۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور سی سی پی او سمیت اعلی افسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔آئی جی  نے کہا کہ اے ایس آئی ریاض خان اور کانسٹیبل جعفر اشتہاریوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے،اشتہاریوں کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا، 7 لوگ گرفتار کیے، جن سے اسلحہ برآمد ہوا۔ آئی جی نے کہا کہ دہشتگردوں کو جہاں موقع ملتا ہے، چھپ جاتے ہیں۔