بھارت کے تمام حربے کشمیری قوم کے حوصلوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں۔ زاہد صفی


اسلام آباد(صباح نیوز) کشمیری رہنما زاہد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے اور حوصلوں کو کرچی کرچی کرنے میں بری طرح ناکام و نامراد ہوچکا ہے۔ پانچ اگست 2019کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات سے بھارت کشمیر کے حوالے سے اپنے جس خاکے میں رنگ بھرنا چاہتا ہے،بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔

ایک بیان میں  زاہد صفی نے  کہا ہے کہ دفعہ 370اور35Aکے خاتمے کے بعد کشمیر اب دوسرے دور میں داخل ہوچکا ہے اور یہ دور کشمیر کی تاریخ کا تاریک ترین دور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تاریک اور کربناک مگر یہ قلیل وقتی دور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کشمیریوں کی تاریخ ختم کر نے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کی شناخت چھین لینے اور ان کی زمینوں پر قبضہ جمانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں طاقت کا بے تحاشا اور بے دریغ استعمال کیا جارہاہے۔سازشوں کے جال بنے جارہے ہیں۔ کشمیر کو ایک وسیع و عریض جیل میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔

میڈیا کا گھلا گھونٹ دیا گیا،لوگ جیلوں میں سڑ رہے ہیں،ماورائے عدالت پھانسیوں اور قتل غارت گری کا راج ہے،نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ  کا نشانہ بنا یا جارہا ہے ۔جبری گمشدگی کا راج ہے،ظلم کا ہرہتھکنڈا آزما کر کشمیریوں کو جھکنے پر مجبور کیا جائے گا۔لیکن بھارت ایک بات کان کھول کر سن لے کہ کشمیری پہلے کبھی جھکے ہیں نہ  آئندہ  جھکیں گے ۔کشمیری ظلم اور جبر یا اقتصادی چکا چوند کی وجہ سے اپنے حق سے دستبردار  نہیں ہوں گے ا۔اس سلسلے میں ابتدائی مرحلے میں ہی بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔