بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی نا قابل بیان ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی نا قابل بیان ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہاکہ متاثرین کی آبادکاری تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم سیلاب سے پیدا شدہ مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں، چیلنج یقینا بہت بڑا ہے لیکن اس چیلنج سے نمٹنے کا ہمارا عزم اس سے بھی مضبوط تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام اداروں نے ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف کا کام اور تیز کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھے اور تکلیف میں مبتلا ہمارے بہن اور بھائیوں کی مدد کرے، میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان کا خاص طور پر مشکور ہوں۔