ہیپاٹائٹس کا عالمی دن، الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب میں سیمینار و آگاہی واک کا انعقاد


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر لاہور پریس کلب میں سیمینار و آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار اور واک کا مقصد ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر بارے آگہی و شعور اجاگر کرنا تھا۔

سیمینار میں صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی،وائس چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد افضل، سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد،انچارج پیما ریلیف ڈاکٹر عمران ظفر، ڈائریکٹر ہیلتھ الخدمت وسطی پنجاب ڈاکٹر سلمان صدیق،سینئر مینجر الخدمت میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی،ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال ڈاکٹر محمود اختر اورمختلف یونیورسٹیز سے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پرڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ ہیپاٹائٹس خاموش قاتل ہے۔علامات ظاہر ہونے کے باوجود علاج نہ کروانا مرض کو مزید خراب کرتا ہے۔ اس بیماری کی سنگینی کے باعث الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈائیگناسٹک لیبز میں مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹ کی معیاری سہولیات نہایت کم قیمت پر فراہم کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر محمود اخترنے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک جان لیوا مرض ہے جس سے بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بچا جاسکتا ہے۔متاثرہ مریض کے انتقال خون،دانتوں کے غیر محفوظ علاج،استعمال شدہ سرنج و بلیڈ اور متاثرہ مریض کے جنسی تعلقات سے ہیپاٹائٹس کا مرض لاحق ہوسکتا ہے جس کے لئے ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیئے۔

اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے پریس کلب میں صحافی بھائیوں کے لئے مفت ہیپاٹائٹس اسکریننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔الخدمت مستقبل میں بھی اپنی صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی

اس موقع پر انھوں نے سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد کی درخواست پر تمام کلب ممبران کو الخدمت کے تحت کئے جانے والے تمام ٹیسٹوں پر 25 فیصد رعایت دینے کا بھی اعلان کیا۔